ؒفرحت شہزادی کے بچوں کے نام پی سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر آج وزارت داخلہ اور اینٹی کرپشن سے رپورٹ طلب

پیر 22 اپریل 2024 21:30

/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے فرحت شہزادی کے بچوں کے نام پی سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر آج وزارت داخلہ اور اینٹی کرپشن سے رپورٹ طلب کر لی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ فرحت شہزادی کے بچوں نے پہلے اس معاملے پر اپنی انٹرا کورٹ اپیل واپس لے لی، انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کے بعد دوبارہ درخواست دائر کر دی۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ انٹرا کورٹ اپیل اس لیے واپس لی تھی کہ اس وقت کوئی مقدمہ سامنے نہیں آیا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی کے بھی آئینی حقوق کے منافی کوئی اقدام نہیں کیا جا سکتا ہے۔ وکیل اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ فرحت شہزادی کے بچوں کو تعلیم اور عمرہ کے لیے بھی باہر جانے نہیں دیا جا رہا ہے، بچوں کا سیاست سے تعلق ہے نہ ہی ان کے نام کوئی کاروبار یا جائیداد ہے، عدالت بچوں کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔