ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کا پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ

پیر 22 اپریل 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ڈی آئی جی آپریشنزلاہور محمد فیصل کامران نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرزعبداللہ لک نے ڈی آئی جی آپریشنز کا استقبال کیا۔ پولیس کے مسلح دستے نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سلامی پیش کی۔ ایس ایس پی آپریشنزسید علی رضا،ایس پی سکیورٹی، ڈویژنل ایس پیزودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

محمد فیصل کامران نے وِزٹنگ بک میں اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے پولیس افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شہر بھر کی سکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال اورعزت کی حفاظت ہمارا نصب العین ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

خواتین، بچوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کااستحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کا گراف نیچے لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں۔ محمد فیصل کامران نے کہا کہ شہر لاہور کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ تھانہ میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔تھانوں میں نفری کی حاضری یقینی بنائی جائے، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔