ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سےملاقات، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

منگل 23 اپریل 2024 00:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سےملاقات کی۔دونوں فریقوں نے علاقائی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوشش کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت میں بنیادی طور پر باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر علاقائی امن، استحکام اور سرحدی سلامتی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرنے پاک ایران سرحد کو ’’امن اور دوستی کی سرحد‘‘ قرار دیتے ہوئےسرحد کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دہشت گردوں کو دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خطرے میں ڈالنے سے روکا جا سکے۔ اس موقع پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور ایران دونوں اقوام اور خطے کے لیے امن و استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔