سارو گنگولی نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہندوستان کیلئے اوپننگ کی حمایت کردی

بھارتی ٹیم کیلئے ضروری ہے کہ وہ بلاخوف کھیلے، ٹی ٹونٹی کرکٹ میں عمر اور نوجوان کھلاڑی کھلانے کی کوئی قید نہیں ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 اپریل 2024 12:58

سارو گنگولی نے ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہندوستان ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اپریل 2024ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے تجویز دی ہے کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کریں۔ آئی پی ایل ٹیم دہلی کیپٹلز کے ڈائریکٹر کرکٹ نے نئی دہلی میں میڈیا ایونٹ کے دوران کہا کہ بھارتی ٹیم کیلئے ضروری ہے کہ وہ بلاخوف کھیلے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں عمر اور نوجوان کھلاڑی کھلانے کی کوئی قید نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں اور میچز میں 30، 30 اوورز کرواتے ہیں جبکہ ایم ایس دھونی ابھی بھی چھکے لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور دونوں ہی کھلاڑیوں کی عمریں 40 کے عشرے میں پہنچ چکی ہیں۔ سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ ضروری یہ ہے کہ چھکے لگائے جائیں اور ویرات کوہلی کے پاس 40 گیندوں پر سنچری بنانے کی صلاحیت ہے، یہ سب ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں بے خوف اور آزادانہ کھیلنے پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میری ذاتی رائے ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کو اوپننگ کرنے چاہیے۔ بھارت کو چاہیے کہ جائے اور مار دھاڑ کرے۔ انکا کہنا تھا کہ روہت شرما، ویرات کوہلی، سوریاکمار یادیو، شوم دوبے، ہاردیک پانڈیا وغیرہ جیسے باصلاحیت کھلاڑی بھارت کے پاس ہیں اور تمام ہی کے پاس چھکے لگانے کی زبردست صلاحیت ہے۔

سارو گنگولی نے کہا کہ بھارت کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا سکواڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں سمیت متوازن ہونا چاہیے۔ کوہلی اس وقت 63.17 کی اوسط کے ساتھ اس سیزن میں 8 میچوں میں 379 رنز کے ساتھ اورنج کیپ سٹینڈنگ میں سرفہرست ہیں۔ رائل چیلنجرز بنگلور سٹار نے آر سی بی کے لیے بیٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے سٹرائیک ریٹ کو بھی 150 سے اوپر برقرار رکھا ہے۔ روہت نے آئی پی ایل میں اب تک 8 میچوں میں 303 رنز بنائے ہیں جو آئی پی ایل میں گزشتہ چند سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔