اسلامی تعاون تنظیم کی مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مسلسل اور المناک قتل عام کی مذمت

منگل 23 اپریل 2024 17:34

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مسلسل اور المناک قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں حال ہی میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں کی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینکڑوں بے گھر، زخمیوں اور بیماروں کے ساتھ ساتھ طبی قافلوں میں شامل لوگوں کو قتل کرنے اور اجتماعی تدفین سے پہلے انہیں تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

منگل کو اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں او آئی سی نے اسے جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم کے علاوہ ایک منظم ریاستی دہشت گردی قرار دیا جس کے لیے بین الاقوامی فوجداری قانون کے تحت تحقیقات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اسلامی تعاون تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ او آئی سی نے اسرائیلی قبضے کو اس کے جرائم اور فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل دہشت گردی کے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جو تمام انسانی اقدار کی نفی اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہیں۔

او آئی سی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگی جرائم کو روکنے اور فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔