سپیکر قومی اسمبلی سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات، پاک سعودی تعلقات کومزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار

پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان روابط دونوں اقوام کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوں گے، سر دار ایاز صاد ق

منگل 23 اپریل 2024 18:19

سپیکر قومی اسمبلی سے سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات، پاک سعودی تعلقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں دونوں جانب سے پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر نے سعودی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

پاک سعودی تعلقات مذہب ، ثقافت ،تاریخ اور باہمی اعتماد و احترام کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی عوام سعودی عرب اور خادمین حرمین الشریفین سے گہری وابستگی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک اہم عالمی اور علاقائی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں،دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان روابط دونوں اقوام کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ دونوں برادر اسلامی ممالک نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کا پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے تعاون قابل ستائش ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے سعودی مجلس شوری کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی نیسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے سعودی عرب سے گہری وابستگی، خادمین حرمین الشریفین کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار اور دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے،سعودی عرب کی عوام اور حکومت پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔