Live Updates

لاہوریوں سمیت پنجاب بھر کے عوام تک محفوظ خوراک کی رسائی، پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک

بارہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر 14ہزار 54 کو 17کروڑ 46لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد

منگل 23 اپریل 2024 18:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) لاہوریوں سمیت پنجاب بھر کے عوام تک محفوظ خوراک کی رسائی، پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملاوٹ مافیا کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔گزشتہ ماہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 1لاکھ 18ہزار600 سے زائد خوراک کے کاروبار کی چیکنگ کے دوران بارہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر 14ہزار 54 کو 17کروڑ 46لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔

حفضان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 343 سے زائد فوڈ پوائنٹس اور فوڈ یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی جبکہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے 111 عناصر کیخلاف مقدمات کا اندراج کروا کے مکمل پیروی کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 1418 بیوریجز یونٹس کی چیکنگ کے دوران 291 کو 52لاکھ 98ہزار کے جرمانے عائد کیے۔

(جاری ہے)

16 جعلی بیورجز پلانٹس کی پروڈکشن بند کر کے 19 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

عاصم جاوید ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا مارکیٹ میں سپلائی کی جانے والی اشیاء کا معیار جانچنے کے لیے 2841 سیمپل بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بجھوا دیے گئے۔2لاکھ 9ہزار 345 لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس،1لاکھ 70 ہزار693 لٹر ملاوٹی دودھ، 59ہزار 138 کلو بیمار اور غیر معیاری گوشت، 8 ہزار 508 کلو مصالحہ جات، 16ہزار 732لٹر ناقص آئل، 13ہزار کلو دالیں، 14ہزار 837 لٹر سے زائد ناقص پانی تلف کیا گیا جبکہ 15ہزار لٹر سے زائد جعلی کولڈ ڈرنکس اور جوس، 2800 لٹر پلپ، 262 کلو کیمیکل اور 79 ہزار کلو سے زائد مکھن، کنفیکشنری، نمکو اور دیگر ملاوٹی اشیاء جو خوراک کی تیاری میں استعمال کی جانی تھی ضبط کر لی گئی ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا روزانہ کی بنیاد پر علی الصبح دودھ بردار اور گوشت بردار گاڑیوں میں موجود گوشت اور دودھ کے معائنے کیساتھ ساتھ ٹولنٹن مارکیٹ میں چیکنگ جاری ہے۔ موٹرویسروس ایریاز، جی ٹی روڈز پر واقع ناشتہ پوائنٹس، چھوٹے بڑے ہوٹلز کو مسلسل چیک کیا جارہا ہے۔ دودھ، گوشت، بیورجز کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ عاصم جاوید ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر پنجاب کی عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ عوام الناس سے گزارش ہے خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات