دہشتگردی پاکستان کو دنیامیں بدنام کرنے کی مذموم سازش ہے،مفتی بلال قادری

منگل 23 اپریل 2024 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) تحریک پیغام اسلام پاکستان کے سربراہ مفتی محمدبلال قادری نے جاپانی شہریوں کی گاڑیوں پر خودکش حملے اور فائرنگ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کی اوچھی حرکتیں پاکستان کو دنیامیں بدنام کرنے کی مذموم سازش ہیں، دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے والے سیکورٹی اہلکار اور مقامی پولیس پاکستان کا فخر ہیں۔

انہوں نے کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی لانڈھی میںغیرملکی جاپانی شہریوں کی گاڑیوں پرخودکش دھماکہ اورفائرنگ کی شدیدالفاظ میں مذمت اوردہشت گردوں کے عزائم کوناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ غیرملکی شہری ہوںیا پاکستانی سب کے جان و مال کاتحفظ یقینی بناناحکومت کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں موثر اورعملی اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے واقعہ کی شفاف تحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کوقرارواقعی سزادینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرونی ممالک کی جانب سے دست تعاون بڑھانے کے بعد امن وامان کی صورت حال کا خراب ہونا لمحہ فکریہ ہے، دہشتگرد ملک دشمن عناصر کی ایماء پر دہشتگردی کرکے پاکستان کا تشخص برباد کترنا چاہتے ہیں،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کسی کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اورحکومت اوراپوزیشن جماعتوں کوتمام اختلافات کو بالائے طا ق رکھ کردہشت گردی کے خاتمہ کیلئے غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے، یہ وقت آپس کی چپقلش کا نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بحال کرنے کا ہے۔