محکمہ جنگلی حیات نے پوٹھو ہار ریجن میں تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کی بڑی تعداد برآمد کرلی ، 04ملزم گرفتار

منگل 23 اپریل 2024 20:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پرصوبہ میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف مدثر ریاض ملک کی نگرانی میں جاری وائلڈلائف کومبنگ آپریشن کے دوران محکمہ تحفظ جنگلی حیات راولپنڈی ریجن نے مختلف مقامات سے 04ملزمان گرفتار کرکے ان کے غیرقانونی قبضہ سے 60تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کو برآمد کرلیا اور چاروں ملزمان کو بیالیس ہزار روپے جرمانہ کرکے ضبط کئے گئے تمام جنگلی پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردئیے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن احسان احمد راجہ کے مطابق تحصیل اٹک کے ایک گھر میں عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے وائلڈلائف سٹاف اٹک نے مقامی پولیس کے تعاون سے چھاپہ مار کر 20راطوطے ،05گانی دار ،14کاک ٹیل اور 06رنگنیکڈضبط کرکے 01ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا عدالت نے ملزم کو 10ہزارروپے جرمانہ کرکے تمام پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کرنے کاحکم صادر فرمایا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح کی دو مختلف کامیاب کارروائیوںکے دوران وائلڈلائف سٹاف راولپنڈی نے تحصیل گوجر خان میں دو ملزمان سے 02بٹیر اور 02فشر پیرٹ برآمد کرکے دونوںکو مبلغ 20ہزارروپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردئیے جبکہ ایک دیگر کارروائی میں تحصیل کلر سیداں سے بٹیر کے ایک غیرقانونی شکاری کو جال سمیت گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 04جنگلی بٹیر برآمد کرلیے اور کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر مبلغ بارہ ہزار روپے جرمانہ کرکے پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردئیے ۔