آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت آپریشنز ڈویژن کے افسران کیساتھ اجلاس

تمام افسران کوجرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے سات روزہ مہم شروع کرنے اورتمام پولیس اسٹیشنز کو اسپیشل انی شیٹو پولیس اسٹیشنزمیں تبدیل کرنے کی ہدایت

منگل 23 اپریل 2024 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت آپریشنز ڈویژن کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس کاانعقادکیاگیاجس میں آئی جی نے تمام افسران کوجرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے سات روزہ مہم شروع کرنے اورتمام پولیس اسٹیشنز کو اسپیشل انی شیٹو پولیس اسٹیشنزمیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت آپریشنز ڈویژن کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا،اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد نے اجلاس میں کہا کہ تمام پولیس افسران پولیسنگ انسانی جذبے سے کریں،اگر کوئی پولیس افسر ڈیوٹی میں دلچسپی نہیں لے رہا تو وہ محکمے کا حصہ نہیں رہے گا،آپ سب میرے لئے انتہائی عزیز ہیں،میرا ایک ایک جوان میرا غرور ہے، ہم سب مل کر 24/7عوام کی خدمت کریں گے ،ہمارا کام جرائم کی بیخ کنی ہے،انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران شہیدوں کے محکمے میں دلیری سے کام کریں،آپ کی کمانڈ کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز موجود ہیں،گشت کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے ضلع بھر میں نائٹ پٹرولنگ آفیسرز تعینات کئے جارہے ہیں،انہوں نے تمام پولیس افسران سے کہا کہ انہوں نے وردی پہن کر جو حلف اٹھایا تھا اس کی پاسداری کریں،ہم نے لوگوں کی عزت کرنی ہے،آئی جی اسلام آباد نے تمام پولیس اسٹیشنز کو اسپیشل انی شیٹو پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کرنے کے بھی احکامات جاری کیے،انہوں نے کہا کہ جرائم کا قلع قمع کرنے کے لئے سات روزہ خصوصی مہم شروع کی جائے ،تمام پولیس افسران جرائم پیشوں گروہوںکا خاتمہ کریں گے اور منشیات کے خلاف کریک ڈاون کو مزید تیز کیا جائے،پیشہ وربھکاریوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے،اجلاس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،میں عوام کو ہمیشہ میسر رہوں گا۔

متعلقہ عنوان :