ہمارے حکومت کیساتھ کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہورہے، عمرایوب

منگل 23 اپریل 2024 23:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ پارلیمانی صحافت کا بہت اہم اور سنجیدہ کردار ہے جس کا معترف ہوں، حکومت کیساتھ معاملات چلانے کی ساری ذمہ داری خود حکومت پر ہوگی، ہم تحفظات کے باوجود اس ایوان اور پارلیمان کا حصہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے عہدہ سنبھالنے کے بعد پارلیمانی صحافیوں سے پہلی باضابطہ ملاقات میں کیا ۔

ملاقات میں اپوزیشن کی پارلیمان میں سرگرمیوں سمیت دیگر امور پر ابتدائی گفتگو کی ۔عمر ایوب نے کہاکہ حکومت کا پارلیمانی بزنس میں کس حد تک آگے بڑھیں گے، یہ حکومتی رویے سے واضح ہوگا،ہم دیکھیں گے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق یہ حکومت مستقبل میں کیا رویہ اختیار کرتی ہے، اگر انہوں نے ماضی کی طرح کی روش اختیار کی تو پھر ہمارا ایوان میں سٹینڈ پہلے سے سخت ہوگا۔

(جاری ہے)

حکومت نے پی ٹی آئی کو کوئی ریلکیسیشن نہیں دی نہ فی الوقت توقع ہے ۔ہمارے حکومت کیساتھ کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہورہے، الیکشن کے بعد بھی ہمارے لئے حالات ویسے ہی ہیں، کوئی ساز گار نہیں ہوئے ،موجودہ حکومت میں معاشی حالات بہتر بنانے کی صلاحیت نہیں،کون کہتا ہے مجھ سمیت دیگر کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں پی اے سی کے معاملے پر ہمارا حتمی نام شیر افضل مروت ہی ہے، پی اے سی کی سربراہی ہمارا حق ہے جو ہمیں ملنا چاہیئے، سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی اے سی چیئرمین کے نام پر کوئی اعتراض اب تک موصول نہیں ہوا، جے یو آئی کیساتھ پی اے سی کے معاملے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، ہمیں قومی اسمبلی کی 9 سے 10 کمیٹیوں کی سربراہی ضرور ملے گی،ابھی تک واضح نہیں ہے کہ کون کون سی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی دی جائیگی۔