گزشتہ ماہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 1لاکھ 18ہزار600 سے زائد خوراک کے کاروبار کی چیکنگ کی ‘ ڈی جی فوڈ اتھارٹی

بارہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر 14ہزار 54 کو 17کروڑ 46لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 1418 بیوریجز یونٹس کی چیکنگ کے دوران 291 کو 52لاکھ 98ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے

منگل 23 اپریل 2024 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق گزشتہ ماہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 1لاکھ 18ہزار600 سے زائد خوراک کے کاروبار کی چیکنگ کی ۔بارہا اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر 14ہزار 54 کو 17کروڑ 46لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔

حفضان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 343 سے زائد فوڈ پوائنٹس اور فوڈ یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے 111 عناصر کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا کے مکمل پیروی کی جا رہی ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 1418 بیوریجز یونٹس کی چیکنگ کے دوران 291 کو 52لاکھ 98ہزار کے جرمانے عائد کیے۔

(جاری ہے)

16 جعلی بیورجز پلانٹس کی پروڈکشن بند کر کے 19 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

مارکیٹ میں سپلائی کی جانے والی اشیا ء کا معیار جانچنے کے لیے 2841 سیمپل بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دئیے گئے۔ 2لاکھ 9ہزار 345 لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس،1لاکھ 70 ہزار693 لٹر ملاوٹی دودھ، 59ہزار 138 کلو بیمار اور غیر معیاری گوشت، 8 ہزار 508 کلو مصالحہ جات، 16ہزار 732لٹر ناقص آئل، 13ہزار کلو دالیں، 14ہزار 837 لٹر سے زائد ناقص پانی تلف کیا گیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق 15ہزار لٹر سے زائد جعلی کولڈ ڈرنکس اور جوس، 2800 لٹر پلپ، 262 کلو کیمیکل اور 79 ہزار کلو سے زائد مکھن، کنفیکشنری، نمکو اور دیگر ملاوٹی اشیا جو خوراک کی تیاری میں استعمال کی جانی تھی ضبط کر لی گئیں۔

روزانہ کی بنیاد پر علی الصبح دودھ بردار اور گوشت بردار گاڑیوں میں موجود گوشت اور دودھ کے معائنے کے ساتھ ساتھ ٹولنٹن مارکیٹ میں چیکنگ جاری ہے۔ موٹروے سروس ایریاز، جی ٹی روڈز پر واقع ناشتہ پوائنٹس، چھوٹے بڑے ہوٹلز کو مسلسل چیک کیا جارہا ہے۔ عاصم جاوید کے مطابق دودھ، گوشت، بیورجز کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر پنجاب کی عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ عوام الناس سے گزارش ہے خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں۔