سٹرٹیجک اداروں کے 35سائنسدانوں ،انجینئرز کو شاندار خدمات پر سول ایوارڈز سے نواز دیا گیا

آپ سب نے قوم کی بنیادیں مضبوط کرنے کیلئے بے لوث کردار ادا کیا ،ہم ہمیشہ آپ کے مقروض ہیں، جنرل ساحر شمشاد کا سائنسدانوں اور انجینئرز سے خطاب

منگل 23 اپریل 2024 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) سٹریٹجک اداروں کے معروف سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی شاندار خدمات پر سول ایوارڈز سے نواز دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سٹرٹیجک اداروں کے معروف 35سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی شاندار خدمات پر سول ایوارڈز سے نوازا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں 7سائنسدانوں اور انجینئرز کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، 15 سائنسدانوں اور انجینئرز کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور 13سائنسدانوں اور انجینئرز کو تمغہ امتیاز عطا کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو سراہا اور انہیں قوم کے ہیرو قرار دیتے خراج تحسین پیش کیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے قوم کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کیلئے بے لوث کردار ادا کیا ہے اور اس کے لیے ہم ہمیشہ آپ کے مقروض ہیں۔