بیٹی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کو ماں باپ نے گولیاں ماردیں

باسط نامی نوجوان نے مبینہ طور پر اکتوبر میں ساتھیوں سمیت کراچی سے لیہ لے جا کر لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا

منگل 23 اپریل 2024 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) بیٹی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کو ماں باپ نے گولیاں ماردیں، ملزم کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا ۔ جہاں باسط نامی نوجوان کو لڑکی کے والدین نے بلایا ، متاثرہ لڑکی کے والد نے باسط کو گفتگو میں مصروف کیا، پیچھے سے ماں نے باسط کو گولی ماری اور بعد میں والد نے گولیاں برسادیں۔

ملزم باسط کو ایک گولی پیٹ میں جبکہ دوسری گولی کمر میں لگی ۔ ملزم باسط کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔مومن آباد پولیس نے فائرنگ کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ جبکہ متاثرہ لڑکی کے والدین کو اسلحہ فراہم کرنے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ باسط نامی نوجوان نے مبینہ طور پر اکتوبر میں ساتھیوں سمیت متاثرہ لڑکی کو کراچی سے محبت کے بعد شادی کا جھانسہ دیکر لیہ لے گیا تھا، جہاں نوجوان نے نے 6 رکنی گینگ کے ساتھ ریپ کیا اورلڑکی کواہلخانہ کے حوالے کردیا۔

متاثرہ خاتون نے ملزمان کے خلاف پنجاب کے شہر لیہ میں مقدمہ درج کرایا تھا مگر کچھ ہفتوں بعد ملزمان نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی تھی، پولیس کے مطابق باسط عباس اور متاثرہ لڑکی پڑوسی تھے۔