وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ریجنل بیورو برائے ایشیا اینڈ پیسیفک کی ڈائریکٹر یو این ڈی پی کنی وگناراجاکی ملاقات

منگل 23 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے غربت میں کمی، خوشحالی میں اضافے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے تعمیری انداز میں یو این ڈی پی کے ساتھ شمولیت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔منگل کووفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر اور ریجنل بیورو برائے ایشیا و بحرالکاہل کی ڈائریکٹر،کنی وگناراجا نے ملاقات کی ،وزارت خزانہ آمدپروفاقی وزیرنے پاکستان میں یو این ڈی پی کے کنٹری نمائندے کے ہمراہ ان کاخیر مقدم کیا ۔

وفاقی وزیر نے کنی وگناراجا اور یو این ڈی پی پاکستان کنٹری آفس ٹیم کے پاکستان سے غیر متزلزل تعاون ، خاص طور پر 2022کے سیلاب جیسے نازک وقتوں میں مخلصانہ تعاون کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کیلئے جامع اور مختلف ترقیاتی فنانسنگ کیلئے قومی اور بین الاقوامی مہارت کو متحرک کرنے میں UNDPکے تعاون کی بھی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے ملک کی ترقی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے پالیسی اصلاحات کے نفاذ پر حکومت پاکستان کی توجہ کو مزید اجاگر کیا۔

وفاقی وزیرخزانہ نے غربت میں کمی، خوشحالی میں اضافے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعمیری انداز میں یو این ڈی پی کے ساتھ شمولیت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ مزید برآں، وزیر اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے سے تعاون کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کیلئے بات چیت شروع کی ہے۔

کنی وگناراجا نے پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کی تعریف کی اور یو این ڈی پی کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار ترقی کے چیلنجوں اور مواقع سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور یو این ڈی پی کے درمیان مسلسل تعاون اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ کنی وگناراجا نے وزیر کو یواین ڈی پی کی حال ہی میں شروع کی گئی رپورٹ کی ایک کاپی بھی پیش کی جس کا عنوان ’’ڈوئنگ ڈیجیٹل فار ڈویلپمنٹ‘‘ہے، جو خاص طور پر پاکستان کے لیے تیار کی گئی ہے، جس میں ملک کے اندر ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔

آخر میں دونوں اطراف نے پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل تعاون اور شراکت داری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔