Live Updates

14 سالہ ذہنی اور جسمانی معذوری میں مبتلا بچے کا والد علاج معالجے میں مدد کی اپیل کیلئے سوشل ویلفیئر کے دفتر پہنچ گیا

منگل 23 اپریل 2024 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰپنجاب مریم نوازشریف کے وژن ’’ریاست ہوگی ماں کے جیسی‘‘ پر محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال دن رات عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نادار افراد کی فلاح و بہبود کا عزم رکھتے ہیں اسی لئے محکمہ کی جانب سے ضرورت مند افراد کی درخواست موصول ہونے پر فوری امداد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

باٹاپور کے ایک گاؤں کے رہائشی فخر عباس سوشل ویلفیئر کے دفتر پہنچ گئے۔ 14 سالہ ذہنی اور جسمانی معذوری میں مبتلا بیٹے علی حمزہ کے علاج معالجے میں مدد کے لئے اپیل کی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے فوری اپنے دفتر میں بلا لیا اور وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر موقع پر ان کی دادرسی کی۔

(جاری ہے)

علی حمزہ کے لئے آدھ گھنٹے کے نوٹس پر وہیل چیئر کا انتظام کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے اپنے ہاتھوں سے علی حمزہ کو وہیل چیئر پر بٹھایا۔ معصوم علی حمزہ خوشی سے کھلکھلاتا رہا۔ علی حمزہ کے بوڑھے اور نادار والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کے لئے دعائیں کیں۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو بیت المال کے ذریعے علی حمزہ کے علاج معالجے کا خرچ پورا کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ علی حمزہ اور ایسے تمام بچے ہمارے چمن کا وہ پھول ہیں جن کی نگہداشت کرنا ہمارا فرض ہے۔ ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے اور مریم نوازشریف کے اس مشن میں سوشل ویلفیئر ان کے ساتھ ہے۔ یہ محکمہ ہمیں اللہ نے ایسے افراد کی مدد کے لئے ہی تفویض کیا ہے جو معاشرے کے محروم طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ علی حمزہ کے چہرے کی مسکراہٹ اور اس کے والد کے چہرے کا اطمینان ہی ہمارا اصل انعام ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات