صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی کی زیر صدارت گلیات ڈوپلیمنٹ اتھارٹی کی حوالے سے اجلاس

منگل 23 اپریل 2024 22:00

ٴ پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر مال نذیر احمد عباسی کی زیر صدارت گلیات ڈوپلیمنٹ اتھارٹی کے جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی علی اصغر خان، علی خان جدون، اراکین صوبائی اسمبلی رجب علی عباسی،افتخار خان، ڈی جی گلیات ڈوپلیمنٹ اتھارٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آبیٹ آباد ارشاد سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گلیات ڈوپلیمنٹ اتھارٹی کی جاری ترقیاتی سکیموں پر شرکاء میں سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی کا کہنا تھا کہ جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنا یاجائے۔ درختوں کی کٹائی سے اجتناب کیا جائے تاکہ گلیات کی قدرتی حسن برقرار رہے۔

(جاری ہے)

ترقیاتی سکیموں کو پوری منصوبہ بندی سے عمل میں لایا جائے تاکہ پیسے کا ضیاع نہ ہو اور زیادہ سے زیادہ لوگ ان ترقیاتی اسکیموں سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں گلیات ڈوپلیمنٹ اتھارٹی کو درپیش چیلنجز و مسائل اور سیاحت کے فروغ میں کردار پر شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد گلیات ڈوپلیمنٹ اتھارٹی کا تفصیلی دورہ کیا جائے گا جس میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تجاویز مرتب کی جائیںگی۔ اجلاس میں مختلف مقامات پر چئیر لفٹ کی تنصیب پر بھی گفتگو ہوئی۔ صوبائی وزیر مال نے ہدایت کی کہ ایسے اقدامات کریں جو نظر آئیں خاص طور پر پانی کی فراہمی کے لیے دور س اقدامات اٹھائے جائے تاکہ عوام کو پانی کی سہولت کی کمی کا سامنا نہ ہو۔