نان بائی ویلفیئرایسوسی ایشن نے روٹی، نان کے سرکاری نرخ کو چیلنج کردیا

روٹی پر کم ازکم 27 روپے، نان پر کم ازکم 30 روپے لاگت آتی ہے،عدالت کنٹرولر جنرل کے 15 اپریل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

muhammad ali محمد علی منگل 23 اپریل 2024 22:05

نان بائی ویلفیئرایسوسی ایشن نے روٹی، نان کے سرکاری نرخ کو چیلنج کردیا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل 2024ء) نان بائی ویلفیئرایسوسی ایشن نے روٹی، نان کے سرکاری نرخ کو چیلنج کردیا، درخواست کے مطابق روٹی پر کم ازکم 27 روپے، نان پر کم ازکم 30 روپے لاگت آتی ہے،عدالت کنٹرولر جنرل کے 15 اپریل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔ تفصیلات کے مطابق روٹی اور نان کے سرکاری نرخ کو صدر نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ کنٹرولر جنرل نے روٹی کی قیمت 25 سے 16 جب کہ نان کی قیمت 30 سے 20 روپے کردی ہے۔ صدرنان بائی ویلفیئرایسوسی ایشن کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کے تعین کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سننا ضروری ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کے سیکشن تھری کے تحت نوٹیفکیشن صرف وفاق جاری کرسکتی ہے، درخواست میں روٹی اورنان کی کم ازکم لاگت کاحساب بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ روٹی پر کم ازکم 27 روپے، نان پر کم ازکم 30 روپے لاگت آتی ہے۔ عدالت کنٹرولر جنرل کے 15 اپریل کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ جب گندم کی قلت ہوگی تو پھر روٹی 16 کی بجائے 30 روپے سے اوپر جائے گی، مجھے کوئی علاقہ بتا دیں جہاں روٹی 16 روپے کی مل رہی ہے؟ کرپشن کا راستہ کھول دیا گیا، آڑھتی اور مڈل مین کسانوں سے گندم خرید کر رکھ لے گا پھر جب قلت ہوگی تو روٹی مہنگی ہوجائے گی۔