علی امین گنڈاپور کی سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے شہری کی سیکیورٹی پر مامورپولیس اہلکار پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

منگل 23 اپریل 2024 22:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے پشاور میں نامعلوم افراد کی طرف سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے شہری کی سیکیورٹی پر مامورپولیس اہلکار پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اورسکیورٹی اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے اس موقع پر اقلیتی برادری کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ عوام کے حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناناغیر انسانی اور بذدلانہ اقدام ہے۔ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہے۔ شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔