بلوچستان بھر میں ملاوٹ اور جعل سازی کے خاتمے کے لئے اتھارٹی کی کارروائیاں جاری رہیں گی،ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی

منگل 23 اپریل 2024 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں ملاوٹ اور جعل سازی کے خاتمے کے لئے اتھارٹی کی کارروائیاں جاری رہیں گی، آپریشن ٹیمیں ناقص خوراک کی تیاری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی مزید تیز کریں جبکہ عوامی شکایات کی ازالے کیلئے صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت ایکشن لیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں آپریشنز ٹیموں اور دیگر ونگز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کو آپریشن ونگ سمیت مختلف شعبوں کے حالیہ کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں اتھارٹی کی کارروائیاں مزید تیز و موثر بنانے پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناءبی ایف اے کی کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع و چھوٹے شہروں میں جاری کارروائیوں کے دوران 20 سے زائد کھانے پینے کے مراکز ہر جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کارروائیاں کوئٹہ شہر کے مختلف مضافات، کچلاک، ڈیرہ اللہ یار، گوادر اور خاران کے مرکزی بازار میں کی گئیں۔ معائنہ ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران متعدد مراکز سے ممنوعہ، مضر صحت اور زائد المعیاد اشیاءکی بڑی مقدار برآمد کی جبکہ معمولی نقائص پر 35 سے زائد خوراک کا کاروبار کرنے والوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔