ایم پی اے چوہدری نوید اشرف کا موضع میانوالی بنگلہ کا دورہ،ٹریفک پولیس کو مینجمنٹ پلان کی ہدایت

بدھ 24 اپریل 2024 12:09

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نوید اشرف نےڈپٹی کمشنرسیالکوٹ محمد ذوالقرنین کے ہمراہ تحصیل ڈسکہ کے موضع میانوالی بنگلہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے بی آر بی نہر پر تعمیر پلوں پر ون وے ٹریفک کے بہاؤ کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کو ریونیو ریکارڈ کے مطابق روڈز کے اطراف میں نشاندہی کرنے کی ہدایت کی اور ٹریفک پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقامی حکام کو پل پر ٹریفک مینجمنٹ پلان بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے بی آر بی پر پرانے پل کو ضروری مرمت کے بعد موٹر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب انفراسٹریکچر کو مفاد عامہ میں استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے سی او ضلع کونسل الفت شہزاد کو ہدایت کی کہ میانوالی بنگلہ میں ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری جمیل اشرف، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ انور علی کانجو، سی او ضلع کونسل الفت شہزاد،سیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات، ہائی وے ڈویژن اور ٹریفک پولیس کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔