گندم کی خریداری مہم کے دوران محکمہ خوراک صوبہ بھر سے2ملین میٹرک ٹن گندم خریدے گا، ترجمان محکمہ خورا

بدھ 24 اپریل 2024 12:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) گندم کی خریداری مہم کے دوران محکمہ خوراک فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر سے2ملین میٹرک ٹن گندم کو خریدے گاتاہم کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے گندم مذکورہ ٹارگٹ میں کمی بیشی کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ خوراک پنجاب نے اے پی پی کو بتایا کہ اس ضمن میں فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں گندم کے 393 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں روزانہ صبح 9بجے سے سہ پہر4 بجے تک کاشتکاروں سے3900 روپے فی40 کلو گرام کے حساب سے گندم خرید کی جا ئے گی اور فی 100 کلو پر انہیں 30 روپے ڈلیوری چارجز بھی ادا کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر100 کلو کی بوری کے بدلے 101.100 کلو اور ہر50 کلو بیگ کے بدلے 50.115 کلو گندم لی جا ئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گندم میں نمی کا تناسب 10 فیصد سے زائد نہیں ہونا چاہیے جسے خریداری مراکز پر موجود جدید موائسچرچیکنگ میٹرز کے ذریعے چیک کیا جا ئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 ایکڑ رقبہ تک کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 100کلو والے6 جیوٹ بیگز یا 50 کلو والے12 پی پی بیگز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 100 کلو والے جیوٹ بیگ کی سکیورٹی 525 روپے اور50 کلو والے پی پی بیگ کی سکیورٹی 138 روپے ہوگی۔

متعلقہ عنوان :