Live Updates

لکی مروت میں شادی کی محفلِ موسیقی میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

دو گرہوں کے درمیان فائرنگ سے محفل میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 اپریل 2024 12:17

لکی مروت میں شادی کی محفلِ موسیقی میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق
لکی مروت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2024ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ لکی مروت میں محفل موسیقی کے دوران فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لکی مروت میں تھانہ غزنی خیل کی حدود میں پیش آیا جہاں 2 گروپوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، جہاں عمران خان اور احسان اللہ نامی دو فریقین کے درمیان دشمنی تھی، گزشتہ رات کو شادی میں محفل موسیقی میں ان کا آمنا سامنا ہوا تو انہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجےمیں 6 افراد جان سے گئے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے محفل میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں عزیر، احسان، عمران، زاہد اللہ، فیضان بھی شامل ہیں، ان افراد کا تعلق گاؤں بہرام خیل اور تری خیل سے ہے جب کہ مقتولین میں اشتہاری ملزمان زاہد اللہ اور احسان اللہ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کا ایک واقعہ حال ہی میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی پیش آیا جہاں پرانی دشمنی کے باعث شادی کی تقریب کے دوران قاتلانہ حملے میں ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کو قتل کردیا گیا جب کہ 3 افراد شدید زخمی ہو ئے اور سکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا، فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیش آیا۔

ٹیپو ٹرکاں والے کا بیٹا امیر بالاج شادی کی تقریب میں شریک تھا کہ اس دوران مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں امیر بالاج سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے، امیر بالاج کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، امیر بالاج کے سکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات