بھارت،سکھ کمیونٹی کی تنظیم شرومنی اکالی دل کی مسلمانوں کے خلاف نریندر مودی کے بیان کی مذمت

بدھ 24 اپریل 2024 14:19

چنڈی گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) بھارت میں سکھ کمیونٹی کی تنظیم’’ شرومنی اکالی دل‘‘ نے مسلمانوں کے خلاف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں عوام میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والے بیانات نہیں دینے چا ہئیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اکالی دل کے ترجمان پرم بنس سنگھ رومانہ نے ایکس پرایک پوسٹ میں کہا کہ ہم سب کی غلطی یہ ہے کہ ہم ناانصافی کے بارے میں اسی وقت سوچتے ہیں جب وہ ہمارے ساتھ ہوتی ہے، اگر آج وہ ہیں تو کل ہم ہوں گے، یہ صورتحال بہت شرمناک اور پریشان کن ہے۔

ادھراکالی دل کے صدر سکھبیر بادل نے کہا کہ وزیر اعظم کو کبھی بھی ایسا بیان نہیں دینا چاہیے جس سے بھارت کے لوگوں میں فرقہ وارانہ منافرت، باہمی شکوک وشبہات اور زہر پھیلتاہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت یکساں طور پرہندوئوں، سکھوں، مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر لوگوں کا ہے۔ ایک اور سینئر اکالی دل لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ پی ایم مودی نے جو کچھ کیا اس نے ڈاکٹر بی آر امبیدکر کے بنائے ہوئے ہمارے آئین کو کمزور کیا جو تمام شہریوں کو برابر سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے بیان سے بہت شرمندہ ہوں کیونکہ آپ بھارت کے وزیر اعظم ہیں اور بھارت ایک سیکولر ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ میں پی ایم مودی کے اس طرز عمل کی سخت مذمت کرتا ہوں جس کا مقصدلوگوں کوتقسیم کرنا ہے اوراس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ الیکشن ہار رہے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نے حال ہی میں راجستھان میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہاتھا کہ اگر اپوزیشن اقتدار میں آتی ہے تو عوام کی محنت کی کمائی گھس بیٹھیوں اور زیادہ بچے پیدا کرنے والوں کو دی جائے گی۔