چیئرمین پی سی بی کی بے سہارا ویتیم بچوں کو (کل) میچ دیکھنے کی خصوصی دعوت

بدھ 24 اپریل 2024 15:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بے سہارا و یتیم بچوں کو میچ دیکھنے کی خصوصی دعوت دی ہے۔تفصیلات کے مطابق 140 بے سہارا و یتیم بچے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی کے مہمان خاص ہوں گے، ان بچوں کی میچ کے دوران مہمان نوازی بھی کی جائے گی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر بے سہارا و یتیم بچوں کے لیے فرسٹ کلاس انکلوڑر کی ٹکٹس فراہم کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی حکام نے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سے رابطہ کیا اور بچوں کے لیے ٹکٹس مہیا کر دیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بے سہارا و یتیم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی یہ حقیر سی کاوش ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد مہمان ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی تاہم نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ (آج)جمعرات کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔