تحریک انصاف کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی اعتراضات عائد

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 اپریل 2024 15:43

تحریک انصاف کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی اعتراضات عائد
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2024ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک بار پھر سے تحریک انصاف کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات عائد کردئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پر تیسری بار اعتراضات عائد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو 30 اپریل کیلئے نوٹس جاری کردیا، الیکشن کمیشن پولیٹیکل فنانس ونگ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو 30 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 4 مارچ کو الیکشن کمیشن میں انٹراپارٹی الیکشن کی تفصیلات جمع کرائی تھیں جس کے بعد انٹرا پارٹی انتخابات کے سرٹیفکیٹ کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کو ایک ماہ سے زائد ہو گیا لیکن ابھی تک الیکشن کمیشن نے سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا، ہمارے بعد جو پارٹیاں آئیں اور انتخابات کرائے انہیں الیکشن کمیشن نے سرٹیفکیٹ جاری کردیئے ہیں جب کہ ہمارے سرٹیفکیٹ اور دستاویزات پر الیکشن کمیشن کو کوئی اعتراض بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن حکام بہت مصروف ہیں ان سے استدعا کی ہے کہ ہمارا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے، شاید ضمنی انتخابات میں تاخیر کے لیے سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیے گئے، کیوں کہ دیگر جماعتوں کو تو ایک ہفتے یا پھر زیادہ سے زیادہ تین ہفتوں میں کمیشن نے سرٹیفکیٹ جاری کیے، ہم نے کمیشن سے کہا کہ بہت ہو گیا اب مزید زیادتی نہ کی جائے، انہوں نے خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کے انتخابات کو کیسے ملتوی کیا؟ اب سینیٹ میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات ہو ہی نہیں سکتے کیوں کہ کورم پورا ہی نہیں ہے۔