حکمران ملکی مسائل پر سیا ست کی بجائے ان کا حل نکالیں ‘ سنی علما کونسل

موجودہ حکومت بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام دیکھا ئی دے رہے ہیں‘مولانا حافظ حسین احمد

بدھ 24 اپریل 2024 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) صدر سنی علما ء کونسل لاہور وصوبائی ترجمان مولانا حافظ حسین احمدنے کہاہے کہ حکمران ملکی مسائل پر سیا ست کی بجائے انکاحل نکالیں،بد قسمتی سے آ ج عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہوچکی ، غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے،موجودہ حکومت بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام دیکھا ئی دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت آئے روز پٹرول ، بجلی ، چینی بم گرا کر عوام کی کمر توڑنے میں مصروف ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو عوام خودکشی پر مجبور ہوجائے گی، اتحادی سرکار نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے عوام دشمن پالیسیوں اور مہنگائی کے فیصلوں نے حکومت کی نااہلی کو مزید آشکار کر دیا ہے۔انہو ں نے کہاکہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے نہ کہ اپوزیشن سے الجھ کر عوام کو بیوقوف بنائے، وزرا ذاتی کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں اور عوامی مسائل کو نظرانداز کیا جارہا ہے روزگار کی فراہمی، صنعتیں چلانا اور دیگر درپیش عوامی مسائل کا حل حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نظر نہیں آ رہا۔