شارع فیصل سمیت متعدد شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا

بدھ 24 اپریل 2024 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہر قائد آمد اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بند کی گئی متعدد شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل اور ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق لکی اسٹار سے شارع فیصل جانیوالی سڑک کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میٹروپول چورنگی کے اطراف سڑک بھی ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہے جبکہ وزیر اعلی ہاؤس ضیا الدین روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی ڈی سی چوک، ایم ٹی خان روڈ پر بھی ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے ہیں، ایئرپورٹ پر گورنر، وزیراعلی سندھ، وزیر مہمان داری وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے ایران کے صدر کو الوداع کیا۔