سندھ ہائی کورٹ نے پتنگ اڑانے والوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی

بدھ 24 اپریل 2024 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پتنگ اڑانے والوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی۔سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں جاری پتنگ بازی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار شاہ میر کے وکیل نے موقف دیا کہ پتنگ بازی کی وجہ سے کئی شہریوں کی جان جاچکی ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل ملیر سعود آباد کے علاقے میں پتنگ کی ڈور سے ایک شہری زخمی ہوا ہے۔

پتنگ بازوں کیخلاف پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ پتنگ بنانے اور اڑانے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ضلع غربی میں پتنگ بازوں کے خلاف دو مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ کمشنر کراچی نے پتنگ بازی پر پہلے پابندی عائد کردی ہے۔ عدالت نے پتنگ اڑانے والوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی۔