ٹی 20 سیریز:پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں جمعہ کومدمقابل ہوں گی

بدھ 24 اپریل 2024 21:16

ٹی 20 سیریز:پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں جمعہ کومدمقابل ہوں گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 اپریل (بروز جمعہ )نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،اس سے قبل مہمان ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز میں میزبان پاکستان کی ٹیم کو کلین سویپ کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ویمن ٹیم کو 113 رنز ، دوسرے میچ میں 2 وکٹوں جبکہ تیسرے ایک روزہ میچ میں 88 رنز سے شکست دی تھی۔ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے جہاں وہ میزبان پاکستانی ویمنز ٹیم کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل چکی ہے جبکہ پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنا ابھی باقی ہے ۔پاکستان ٹیم کو نداڈار لیڈ کریں گی۔پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 26 اپریل سے ہوگا، دوسرا میچ28 اپریل،تیسرا 30 اپریل،چوتھا 2 مئی جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے میچز کی طرح پانچوں ٹی ٹونٹی میچ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی میچز شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔