عوام کو تعلیم،صحت ،روزگاراورانفراسٹرکچر کی فراہمی ہمارے فرائض اور ترجیحات میں شامل ہے،سردار جاوید ایوب

بدھ 24 اپریل 2024 20:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر وائلڈ لائف ، فشریز و ترقیاتی ادارہ سردار جاوید ایوب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں عوام کو تعلیم،صحت،روزگاراورانفراسٹرکچر کی فراہمی ہمارے فرائض اور ترجیحات میں شامل ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رشوت،سفارش،کمیشن خوری،میرٹ کی پامالی اوربرادری ازم کا خاتمہ ہمارا مشن ہے،وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اپنے دور حکومت میں رشوت،کمیشن،برادری ازم اورلوٹ مار کا خاتمہ کر کے میرٹ اور انصاف کا بول بالا کردیاہے،آزادکشمیر کے عوام کوجلد تبدیلی محسوس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق جلد پورے آزادکشمیر کا دورہ کریں گے اور عوامی خواہشات کے مطابق پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

جاوید ایوب نے کہا کہ سازشیں حکومت آزادکشمیر کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،ممبران اسمبلی کی بھاری اکثریت قائد ایوان چوہدری انوارالحق پر اعتمادکا اظہار بھی کرتی ہے اور ان کی اصلاحات کے نفاذ میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیرمیں اتحادی حکومت میں شامل ساری سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ممبران اسمبلی ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزا دکشمیر کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر کے اندر آئین و قانون کی بالادستی ، گڈ گورننس کے نفاذ اور ریاستی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں ایسی حکومت موجود ہے جو آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ، موجودہ حکومت نے آزاد خطہ کے اندر ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ، عوام کا ریاست پر اعتماد بحال کیا گیا ہے ، اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں ، سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے اور یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا ۔