موسمیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کو درپیش عظیم چیلنج ہے، اس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،گورنر پنجاب

بدھ 24 اپریل 2024 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کو درپیش عظیم چیلنج ہے،حکومت پنجاب سنگین صورتحال سے آگاہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافہ، گلشیئرپگھلنے اورجنگلات کی کٹائی سے پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونیو الے دس ممالک میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کیوجہ سے ملکی زراعت کو نقصان ہو رہا ہے اور معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت میں ماحولیاتی مسائل کیوجہ سے لاہور اوربہاولپور سمیت پاکستان کے مشرقی علاقے متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے انڈسٹری، زراعت، ٹرانسپورٹ سمیت ہر شعبہ میں اصلاحات کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مکمل طور پر فٹ گاڑیوں کو ہی روڈ پر آنے کی اجازت دی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ نئی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے یونیورسٹی لان میں پودا بھی لگا یا اور ملکی ترقی واستحکام کیلئے دعا کی ۔

گورنر پنجاب نے اہم معاملہ پر بین الااقوامی کانفرنس کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوش کو سراہا۔تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، چیئرمین بورڈآف گورنرز محمد اسلام نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین اوراساتذہ کرام سمیت مندوبین کی بڑی تعداد موجود تھی۔