پشاور،غیر قانونی،غیر معیاری ایرانی پٹرول فروخت کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

خطرناک طریقوں سے سی این جی اور پٹرول گاڑیوں کو ایل پی جی پر منتقل کرنے والے مکینکس کو گرفتار کرنے اور ورکشاپس سیل کئے جائینگے، کمشنر پشاور

بدھ 24 اپریل 2024 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور کی جانب سے موصول ہدایات کی روشنی میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور ، نوشہرہ ، چارسدہ ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،محکمہ پٹرولیم،محکمہ انڈسٹریز، محکمہ لیبر اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی اجلاس میں غیر قانونی،غیر معیاری ایرانی پٹرول کی فروخت روکھنے،غیر قانونی پٹرول پمپس بند کرنے،ایرانی پٹرول فروخت کرنے والے،غیر معیاری اور کم گیج پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔

اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کو موبائل لیبارٹری کے ذریعے پٹرول کا معیاری اور گیج چیک کرنے اور موقع پر ہی پٹرول پمپس کو سیل کر کے مالکان کو براہ راست جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے اس علاوہ غیر قانونی اور خطرناک طریقوں سے پٹرول اور سی این جی سے ایل پی جی پر منتقل کئے گئے گاڑیوں کو تحویل میں لیکر اس ملوث مکینکس کو بھی گرفتار کرنے اور ورکشاپس کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں خطرناک طریقوں سے گیس کی منتقلی پر پابندی عائد کر کے شہری علاقوں میں ملوث دکانداروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تمام متعلقہ اداروں کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے احکامات پر پورا پورا عمل درآمد کرنے اور اس سلسلے میں ہفتہ وار رپورٹ طلب کر لی۔