چار پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم کو چار بار سزائے موت سنا دی گئی

عدالت نے سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم فہیم لودھی کو بری کردیا

بدھ 24 اپریل 2024 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کورنگی میں چار پولیس اہلکاروں کے قتل کے کیس میں ملزم آصف کٹو کو چار بار سزائے موت سنادی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی کراچی نے کورنگی کے علاقے میں حنیف نہاری پر کھانا کھانے والے چار پولیس اہلکاروں کے قتل کے کیس میں ملزم آصف کٹو چار بار سزائے موت سنادی، عدالت نے ملزم پر8لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جبکہ ملزم کی منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد بھی تحویل میں لینے کاحکم دے دیا۔

عدالت نے سہولت کاری کے الزام میں گرفتارملزم فہیم لودھی کو بری کر دیا۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں مفرور دو ملزمان بلال اور عبدالسلام پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں ملزم آصف کٹو کو دو عینی شاہدین نے شناخت کیا تھا۔