وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کراٹے کومبٹ پاکستانی ٹیم کے کپتان و عالمی کھلاڑی شاہ زیب رند کو جیتنے پر مبارکباد

بدھ 24 اپریل 2024 22:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراٹے کومبٹ پاکستانی ٹیم کے کپتان و عالمی کھلاڑی شاہ زیب رند کو بھارت کے خلاف مقابلہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ملازمت اور بیس لاکھ روپے کیش ایوارڈ کا اعلان کیا ہے بدھ کو کراٹے کومبٹ پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہ زیب رند نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور اپنے کھیل سے متعلق تجربات اور درپیش مشکلات و چیلنجز سے متعلق آگاہ کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھارت سمیت متعدد عالمی مقابلے جیتنے پر شاہ زیب رند کو شاباش دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ بیرون ملک پیشہ وارانہ تربیت اور سفر کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان ادا کرے گی اور ان کے مستقل ذریعہ روزگار کا انتظام بھی کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شاہ زیب بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں جنہوں نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور ثابت کیا کہ بلوچستان میں عالمی سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے صوبائی حکومت باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہے اور ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی مکمل سرپرستی جاری رکھیں گے ملاقات میں کراٹے کومبٹ کے عالمی کھلاڑی شاہ زیب رند نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا رجحان نیک شگون ہے بحیثیت عالمی کھلاڑی بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو محنت کی ترغیب دیتا ہوں محنت اور لگن سے ہی کامیابی کا حصول ممکن ہے اس موقع پر سیکرٹری کھیل بلوچستان ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی بھی موجود تھے۔