گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس، گلگت شندور ایکسپریس وے کی رکاوٹیں دور کرنے اور فوجی فائونڈیشن ہسپتال زمین کی فراہمی کی منظوری

بدھ 24 اپریل 2024 23:00

استور 24 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) گلگت بلتستان کابینہ کے ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کابینہ نے ضلع غذر میں فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کی تعمیر کیلئے 30 کنال زمین کی فراہمی، گلگت شندور ایکسپریس وے کی رکاوٹیں دور کرنے اور عوامی مطالبے پر لوگوں کو زمینوں کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے نئے سیکشن فور کے نفاذ کی منظوری دی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلبرخان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کے ساتویں اجلاس کے بعد وزیر خوراک غلام محمد،وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،زکوة و عشر،کوآپریٹو اینڈ ٹرانسپورٹ حاجی رحمت خالق،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ اور ترجمان برائے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ چنار باغ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ نے گلگت بلتستان یوتھ پالیسی 2024ء کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس پالیسی کی منظوری سے گلگت بلتستان میں امور نوجوانان کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو آسانیاں پیدا ہوں گی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے ضلع غذر میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے سب انسپکٹر کے بیٹے کو قوانین میں نرمی کرتے ہوئے فیملی اسسٹنس پیکج کے تحت سب انسپکٹر بھرتی کرنے، امراض قلب ہسپتال گلگت میں کام کرنے والے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور ان کی ملازمت کو جاری رکھنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔کابینہ ارکان نے مزید کہا کہ کابینہ نے پھنڈر ہائی سکول کو کرگل کی جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمغہ شجاعت حاصل کرنے والے صوبیدار ریٹائرڈ علیم زاد کے نام سے منسوب کرنے اور گلگت بلتستان میں پٹواریوں کی بھرتیوں کے حوالے سے سپریم اپلیٹ کورٹ میں دائر پٹیشن کو واپس لینے کی بھی منظوری دی ۔

کابینہ نے ضلع ہنزہ میں پرائیویٹ کمپنی کی جانب سے 208میگا واٹ بجلی کا منصوبہ لگانے کے لیے معاہدے میں بالائی ہنزہ کو بھی شامل کرنے کے مطالبے کی بھی منظوری دی۔کابینہ کی جانب سے عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں سرکاری ملازم کو اگلے گریڈ کی مراعات کے ساتھ ملازمت سے سبکدوش کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ نے گلگت بلتستان میں بجلی کے نرخ کے تعین کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کرنے، جگلوٹ گورو میں سیلاب سے متاثرہ نشیبی علاقے میں دریا کے ساتھ حفاظتی بند تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس نے دیامر پبلک سکول کے لیے گرانٹ دینے،جنگلات کے تحفظ کے لیے ایف سی کی خدمات کو رواں سال ستمبر تک توسیع دینے کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ جنگلات میں تربیت یافتہ گارڈز ستمبر کے بعد جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔