Live Updates

گجرات میں ہسپتال کی چھت گرنے پر وزیراعلیٰ کا سخت ایکشن

ایم ایس برطرف، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے 3 افسر معطل کردیئے، ذمہ داروں کا تعین کرکے مزید کارروائی کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 اپریل 2024 11:19

گجرات میں ہسپتال کی چھت گرنے پر وزیراعلیٰ کا سخت ایکشن
گجرات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی چھت گرنے کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو برطرف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کو عہدے سے ہٹا کر ڈاکٹر آصف محمود کو ایم ایس کا ایڈ یشنل چارج تفویض کرتے ہوئے محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ ہسپتال کی چھت گرنے پر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے تین افسران کو بھی معطل کر دیا گیا، جن میں ایگزیکٹو انجینئر محمد رؤف، ایس ڈی او فواد منیر اور سب انجینئر سرتاش احمد شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر معاملے کی انکوائری کیلئے کمشنر گوجرانوالہ کی سربراہی میں 10 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر گجرات، ماہرین تعمیرات اور دیگر حکام شامل ہوں گے، خصوصی کمیٹی 72 گھنٹے میں ہسپتال کی چھت گرنے کے واقعہ پر رپورٹ پیش کرے گی، خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے عزیز بھٹی شہید ڈی ایچ کیو ہسپتال گجرات میں زیر مرمت فی میل سرجیکل وارڈ کی گرنے والی چھت کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈی پی او گجرات بھی ان کے ہمراہ تھے ، ضلعی انتظامیہ گجرات اور ہسپتال انتظامیہ نے وقوعہ کے بارے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے جائے وقوعہ پر زمین بوس ہونے والے وارڈ کاجائزہ لیا۔

بریفنگ کے دوران انتظامیہ نے بتایا کہ فی میل سرجیکل وراڈ کے نیچے والے حصہ پر مرمتی کام اور چھت پر سولر پینلز کی تنصیب کا کام جاری تھا ، واقعہ کے لئے انکوائری رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک اور اے ڈی سی آر خضر حیات بھٹی اس کی انکوائری کر رہے ہیں، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام ہسپتالوں کے لئے ٹی او آرز / ایس او پیز جاری کئے جائیں گے، ضلعی سطح پر ڈپی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک اور صوبائی سطح پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کا ریسرچ ونگ اس واقعہ کی تیکنیکی لحاظ سے انکوائری کررہا ہے، انکوائری اور کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات