بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کیس میں گرفتار 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

جمعرات 25 اپریل 2024 18:43

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کیس میں گرفتار 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان عدالت میں پیش، 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس کی جانب سے 6 روز قبل بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کئے گئے شکارپور پولیس کے 3 اہلکاروں سمیت 7 ملزمان اے ایس آئی امتیاز بھیو، پولیس اہلکار ثناء اللہ، بقا اللہ انڑو سمیت ذاکر بھیو، اختیار لاشاری، نبیل بھیو اور توفیق گجر کو انسداد دہشت گردی عدالت کی کیمپ آفیس پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت کو استدعا کی کہ ملزمان کوپولیس ریمانڈ پردیا جائے جس پر عدالت نے پولیس کی درخواست قبول کرتے ہوئے ملزمان کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے ملزمان کو مولاداد تھانہ منتقل کردیا ہے، یاد رہے کہ جیکب آباد پولیس نے 20 اپریل کو بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کرتے ہوئے ایک ویگو گاڑی اور شکارپور پولیس کی موبائل سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کرکے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرکے جیکب آباد کے مولاداد تھانہ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، واضح رہے کہ مذکورہ اسلحہ اسمگلنگ کا الزام وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بابل بھیو کے بیٹے پر عائد کیا جارہا تھا جس پر صوبائی مشیر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔