وفاقی وزیر صنعت و پیداوارنے یوریا کھاددرآمد کرنے کی سفارش کر دی

کھاد کی قلت سے بچنے کےلئے2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد فوری درآمد کا معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائے،رانا تنویر حسین کا اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 25 اپریل 2024 17:19

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اپریل2024 ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین نے یوریا کھاددرآمد کرنے کی سفارش کر دی، کھاد کی قلت سے بچنے کےلئے2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد فوری درآمد کا معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائے، خریف سیزن میں یوریا کھاد کی مانگ گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.6 فیصد زیادہ ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یوریا کھاددرآمد کا مقصد ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے،درآمد سے پاکستان کے کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔

یوریا کھاد کی بروقت درآمد سے قیمت میں نمایاں کمی آئے گی۔ حکومت کسانوں کے فائدے کیلئے فرٹیلائزر انڈسٹری کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت صنعت و پیداوار نے کہا کہ یوریا کھاد کی درآمد کا حتمی فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی آئندہ اجلاس میں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مقامی یوریا کھاد کی مارکیٹ مستحکم ہو گی،کسانوں کو خریف سیزن میں یوریا کھاد بلا تعطل میسر ہوگی۔

رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ یوریا کھاد کی قلت سے بچنے کیلئے 2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد فوری درآمدکرنا لازمی ہے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کا گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ کھاد درآمد کرنے سے یوریا کھاد کی قیمت اور سپلائی کو مستحکم کرنے کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ تمام مقامی یوریا فرٹیلائزر پلانٹس بھی پوری صلاحیت کے ساتھ فعال رہیں گے۔حکومت کسانوں کے فائدے کیلئے انڈسٹری کو گیس فراہمی یقینی بنائے گی۔اس حوالے سے ترجمان کے مطابق یوریا کھاد درآمد کیے جانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) آئندہ اجلاس میں کرے گی۔