ویسٹ انڈیزکیخلاف قومی ویمن ٹیم کی مایوس کن کارکردگی

چیئرمین پی سی بی کا ایکشن ، سلیکشن کمیٹی تحلیل کرکے ازسرنوکمیٹی تشکیل

جمعرات 25 اپریل 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکشن لے لیا۔سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر کے ازسر نو کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کیا اور اس کارکردگی کے بعد پہلے مرحلے میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور ازسر نو کمیٹی تشکیل دے کر اس میں 7 ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔

سابق کرکٹرز عبدالرزاق، اسد شفیق، سابق ویمن کرکٹرز اسماویہ اقبال، مرینہ اقبال نئی سلیکشن کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ عبوری ہیڈ ف کوچ ویمن کرکٹ محتشم رشید، ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور سابق کرکٹر بتول فاطمہ بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین کوچ کے فوری انتخاب کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ نئی سلیکشن کمیٹی کو فوری ذمے داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ناخوش ہیں، جلد ویمن کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔گزشتہ بورڈ مینجمنٹ کے دور میں 4 رکنی کمیٹی تھی جس کے چیئرمین سلیم جعفر جبکہ اراکین میں اسماویہ اقبال، مرینہ اقبال اور محتشم رشید شامل تھے۔