ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی کی زیر صدارت انٹر بورڈز کوآرڈنیشن کمیٹی کا اجلاس

طلبہ کی سفری دشواریوں کے پیش نظر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں علاقائی دفاتر کھولنے کی منظوری دے دی گئی

جمعرات 25 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) انٹر بورڈز کوآرڈنیشن کمیٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کی سفری دشواریوں کے پیش نظر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں علاقائی دفاتر کھولنے کی منظوری دے دی ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آئی بی سی سی کے تیسرے بورڈ آف گورنرز اجلاس وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور پاکستان میں آئی بی سی سی کی علاقائی موجودگی کو بڑھانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اجلاس کے دوران اس بات کا اظہار کیا کہ آئی بی سی سی سکولوں میں موجود سہولیات کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلہ میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں کسی ایک سکول میں، جبکہ مرحلہ وار صوبائی اسکولوں میں بھی سہولیات کی فراہمی میں مدد کی جائے گی۔ آئی بی سی سی طرف سے متعارف کرائے گئے اہم اقدامات میں سے ایک ذہنی آزمائش کے مقابلوں کا آغاز ہے، جو خاص طور پر طلبا میں تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے، ان مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو فکری طور پر مشغول کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ترغیب دینا ہے، اس طرح طلبا کو سیکھنے اور اختراع کی صلاحیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ ان طلبا کو کامیابیوں کو متعارف کرانے کیلئے ہائی اچیورز کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس میں سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ اور ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلبا اور ان کے والدین کو مدعو کیا جا ئیگا، یہ تقریب ان طلبا کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کا نہ صرف اعتراف ہوگا بلکہ ان کے ساتھیوں میں بہترین کارکردگی کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے ایک تحریک کا کام بھی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری اور یکساں معیار لانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے اور اس سلسلہ میں ایک اور اہم پیشرفت فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ساتھ مل کر ایک قومی سوالیہ آئٹم بینک قائم کرنا ہے۔ امتحانی سوالات کا یہ مرکزی ذخیرہ ملک کے تمام تعلیمی اور امتحانی بورڈز میں تشخیص کیلئے یکساں معیار کو یقینی بنائے گا۔

آانہوں نے کہا کہ ئی بی سی سی شام کے وقت بھی شفٹ متعارف کروا کر اپنی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد درخواست دہندگان کی ایک بڑی تعداد کو ایڈجسٹ کرنا اور باقاعدہ دفتری اوقات سے ہٹ کر سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام طلبا اور کمیونٹی کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آئی بی سی سی کی لگن کو ظاہر کرتا ہے۔

وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، محی الدین احمد وانی نے بورڈ آف گورنرز کو تعلیمی شعبہ میں بہتری اور پاکستان کے تمام طلبا کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں پیش کیے گئے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تعلیمی شعبے میں جدت اور مسلسل بہتری کو فروغ دینے والا باہمی تعاون پر مبنی ماحول پیدا کرنے کیلئے آئی بی سی سی کے عزم کو سراہا۔اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کی سفری دشواریوں کے پیش نظر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں علاقائی دفاتر کھولنے کی منظوری بھی دی گئی ،اقدام سے ان علاقوں کے طلبہ کیلئے دستاویزات کی تصدیق، مساوی سرٹیفکیشن اور دیگر تعلیمی خدمات کا حصول آسان ہوجائے گا۔