وقتی فوائد کی بجائے پائیدار ی کی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر خالد محمود

جمعہ 26 اپریل 2024 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر وقتی فوائد کی بجائے پائیدار ی کی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ کاروبار کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے زیر اہتمام سبز آب و ہوا، کاروبار و پائیدار ترقی اور آگے بڑھنے کا راستہ کے تھیم کے ساتھ تیسری دو روزہ بزنس ایڈمنسٹریشن بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، ڈین فیکلٹی آف بزنس، اکنامکس اور ایڈمنسٹریٹیو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، ڈائریکٹر آئی بی اے پروفیسرڈاکٹر مقدس رحمان، کانفرنس سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر ثنیا زہرا ملک، فیکلٹی ممبران، ملکی و غیر ملکی محققین، سکالرز اور طلباطالبات نے بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بہترین کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شرکا ء کو ایک دوسرے کے تجربات اورخیالات سے فائدہ اٹھاکر معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کیلئے مواقع میسر آئیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اثرات مرتب ہورہے ہیں جس کے پائیدار حل کیلئے یہ کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل ہیں جس کا درست استعمال کرکے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر مقدس رحمان نے کہا کہ محدودوسائل کے باجودکانفرنس سے سیکھ کر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کیلئے مزید بہتر حل پیش کریں گے۔ انہوں نے کامیاب کانفرنس کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ثانیہ زہرا ملک نے کہا کہ دوروزہ کانفرنس میں ماہرین ماحولیات، ماہرین تعلیم اور کاروباری افراد کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بزنس ایجوکیشن کا فروغ بھی اچھا شگون ہے۔ کانفرنس آج بروز جمعہ بھی جاری رہے گی۔