خوبصورت مقامات کو ثقافتی و سیاحتی ڈپلومیسی کیلئے استعمال کرنا چاہیے ‘ سید مہدی شاہ

وفد کے ہمراہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے ‘ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ لاہور ندیم پہلوان

جمعہ 26 اپریل 2024 12:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) گورنر گلگت بلتستان سیدمہدی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مثبت تصویر کو اجاگر کرنے کیلئے یہاں کے خوبصورت مقامات کو ثقافتی و سیاحتی ڈپلومیسی کیلئے استعمال کرنا چاہیے ، خوبصورت سیاحتی مقامات کی ڈاکو منٹریز بنا کر انہیں بیرون ممالک قائم پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے ریلیز کیا جائے جس سے غیر ملکی باشندوں کو اس خطے کے حوالے سے آگاہی حاصل ہو سکے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان ، سردار راشد ، سردار یاسر ،اطہر عبد الرحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سید مہدی شاہ نے عشائیے کے شرکاء کو دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھی بہترین مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنا چاہیے ۔

محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ وہ اپنے وفد کے ہمراہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے پاکستان کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا شعبہ ہے جس سے حکومت سالانہ اربوں روپے کی آمدن حاصل کر سکتی ہے جبکہ اس سے مقامی دستکاری کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔