Live Updates

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، خواتین کے حقوق بارے تبادلہ خیال

جمعہ 26 اپریل 2024 15:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے کینیڈین ہائی کمشنر پاکستان لیسلی سکینلان نے انکے کیمپ آفس میں جمعہ کو ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری انسانی حقوق علی بہادر قاضی،فرسٹ سیکرٹری کینیڈین ہائی کمشنر اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔اس کے علاوہ ملاقات میں صوبہ پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ بالخصوص خواتین،بچوں اور دیگر طبقات کے حقوق کے تحفظ بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کو اہم منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر سکھ برادری کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ انکی کمیونٹی سے کسی کو پہلی مرتبہ پنجاب میں وزارت ملی۔کینیڈین ہائی کمشنر نے صوبائی وزیر کے مستقبل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پنجاب میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے تاہم صوبہ پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کینیڈین ہائی کمشنر کو پنجاب حکومت کے اقدامات بارے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں انٹر فیتھ کو فروغ دینا شامل ہے اور اس کے لیے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مذہبی رہنماں کے ہمراہ آگے بڑھا جا رہا ہے۔انہوں نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ حال ہی میں ایسٹر اور بیساکھی کے تہوار میں وزیر اعلی پنجاب نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کیا جبکہ مریم نواز کے احسن اقدامات سے پاکستان کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں تمام اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں تاہم اسکالر شپس کی گرانٹ بڑھانے پر کام کر رہے ہیں۔رمیش سنگھ نے واضح کیا کہ اپنے پانچ سالہ روڈ میپ میں شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کر رہے ہیں تاہم سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے سب کو کردار نبھانا ہوگا۔رمیش سنگھ نے ہائی کمشنر کو خصوصی طور پر بتایا کہ حال ہی میں اچھرہ شاپنگ سینٹر لاہور میں مسیحی نوجوان نے ایک خاتون کو دو گھنٹے تک تحفظ میں رکھا جبکہ خاتون پولیس افسر نے بھی بہادری کا مظاہرہ کیا اور اس طرح ایک سانحہ نہ ہونے دیا گیا۔

رمیش سنگھ نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں جیسا کہ خواتین کو انٹرسٹ فری لون اور مختلف ٹیکنیکل کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے سیکرٹری انسانی حقوق کے ہمراہ کینیڈین ہائی کمشنر کو پھولوں کے گلدستے کے ساتھ ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات