کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن، استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، سینیٹر عرفان الحق صدیقی

جمعہ 26 اپریل 2024 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن، استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، اس وقت ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوان بالا میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ملکی ترقی اور قومی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی بنچوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے، پاکستان سب کے لئے برابر ہے ، نشیب وفراز آ تے جاتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مثبت سوچ کے ساتھ آ گے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے، نہ مسلم لیگ، نہ پیپلز پارٹی کی طرف سے کسی سیاسی جماعت کے لیڈر کو قیدی نہیں بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے امن، استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، پاکستان میں سیاسی تسلسل قائم نہ ہوا تو دائروں میں گھومتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا نام بھی صحیح نہیں لیتے تھے اب ان کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہو۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی اپنی پارٹی کی طرف سے کہتا ہوں کہ مل بیٹھ کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، اس وقت ملک کو بین الاقوامی سطح پر بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے اس لئے سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ذاتی و سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے ریاست اور شہریوں کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، ایوان بالا ملک کی بہتری اور عوام کی آواز بننے کیلئے ایک جمہوری فورم ہے، ا س وقت ملک کو مہنگائی ،بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ ساتھ روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا سامنا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی جماعتیں قومی مسائل کے حل کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کریں۔