پنجاب اسمبلی میں دوسرے روز بھی گندم کی خریداری کا معاملہ زیر بحث رہا

سنی اتحاد کونسل کا کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ

جمعہ 26 اپریل 2024 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) پنجاب اسمبلی میں دوسرے روز بھی گندم کی خریداری کا معاملہ زیر بحث رہا، ارکان نے آئندہ مالی سال کیلئے بھی تجاویز دیں، سنی اتحاد کونسل نے کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا،پنجاب اسمبلی کااجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوا تو گندم کی خریداری اور قیمت کا معاملہ آج بھی اجلاس کا مرکزی موضوع رہا، سپیکر کاکہناتھاکہ گندم کی قیمت 39سو روپے مقرر کی گئی ہے مگر یہ 32سو روپے میں فروخت ہو رہی ہے کسان کے اربوں روپے مڈل مین کے پاس پڑے ہیں ، گنے کے کا کاشتکاروں کو بھی پابند کیا جائے کیونکہ وہ بھی ڈرا ہوا ہے ، وزیر زراعت عاشق کرمانی کا کہنا تھاکہ وہ یہ معاملہ کین کمشنر کو ارسال کریں گے۔

اجلاس میں وزیر زراعت نے بتایا کہ کاٹن کی پیداوار میں کمی نہیں آئی بہاولپور ڈویڑن میں بھی رسپانس اچھا ہے، ادویات اور کھاد پر قانون سازی کرنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے پری بجٹ میں حصہ لیتے ہوئے ارکان کاکہناتھاکہ حکومت بجٹ کی بھرپور تیاری کرے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ لیاجائے ، آئی ٹی کو فوکس کیا جائے ، لوگوں کو حکومت پر اعتماد نہی ںوہ ٹیکس دینے سے گریز کرتے ہیں پبلک ٹرانسپورٹ بڑھائی جائے۔ ارکان نے مختلف تحاریک التوائے کار پر اپنے حلقوں کے مسائل کو بھی ایوان میں اجاگر کیا، ایجنڈا مکملٴْ ہونے پر اجلاس سوموار کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔