Live Updates

عمران خان کی فلاحی ریاست کے قیام کے وژن کے تحت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،ملک پختون یار خان

صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا مرکز شہریوں کے طرز زندگی کو بہتر بنانا اور انہیں دور جدید کی تمام سہولیات فراہم کرنا ہے،صوبائی وزیر

جمعہ 26 اپریل 2024 23:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی فلاحی ریاست کے قیام کے وژن کے تحت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن سے عوام بلاتفریق مستفید ہورہے ہیں، صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا مرکز شہریوں کے طرز زندگی کو بہتر بنانا اور انہیں دور جدید کی تمام سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کا پہلا اور حتمی ہدف خیبر پختونخوا کو مسائل کی دلدل سے نکال کر دیر پا ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور خدمات کی فراہمی کے نظام تک عوام کی یکساں رسائی کو یقینی بنانا ہے خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے حقوق کیلئے کھڑی ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت عوامی نمائندگی کا حق ادا کرنے کیلئے اپنی استعداد سے بڑھ کر اقدامات اٹھارہی ہے ،خیبر پختونخوا حکومت نے بے شمار چیلنجز اور مسائل کے باوجود فلاح انسانیت کے منشور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ مخالفین کی طرف سے منفی پروپیگنڈہ کے باوجود عوام کے پی ٹی آئی کے طرز حکومت پر اعتماد میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ آئے دن پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے واضح رہے خیبر پختونخوا حکومت کے قابل ذکر منصوبوں میں صحت کارڈ سمیت دیگر بڑے منصوبے شامل ہیں جن سے بڑے پیمانے پر لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات