آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے زیر اہتمام ’’سندھ تھیٹر فیسٹیول 2024ء ‘‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

جمعہ 26 اپریل 2024 20:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے زیر اہتمام ’’سندھ تھیٹر فیسٹیول 2024ء ‘‘ کی افتتاحی تقریب جمعہ کے روز منعقد ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر طفیل احمد شیخ اور آرٹس کونسل کے عہدیداران نے سندھ تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایس ایس پی لاڑکانہ روحل خان کھوسو نے کہا کہ ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، اداکاروں اور کہانی کاروں کو چاہیے کہ وہ کلاشنکوف اور ڈاکو کلچر کا خاتمہ کریں اور تعلیم، وکالت اور دیگر شعبوں سے وابستہ بہترین افسران کو رول ماڈل بنائیں اور ڈراموں میں نئے اور اچھے موضوعات پیش کریں تاکہ معاشرے کی زیادہ سے زیادہ اصلاح ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ منشیات اور جرائم پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

میئر انور علی لہر نے کہا کہ آرٹس کونسل لاڑکانہ کی موجودہ باڈی بہت اچھے طریقے سے کام کر رہی ہے۔ڈپٹی اٹارنی غلام اصغر کھچی نے کہا کہ اس وقت ماحول اس طرح چل رہا ہے کہ وقت نکالنا مشکل ہو گیا ہے لیکن ہ لوگ بڑی تعداد میں یہاں آئے ہیں۔ سابق ڈی آئی جی نارکوٹیکس ایڈووکیٹ ریاض احمد سومرو نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ میں سٹیج ڈرامے ہو نا اچھی بات ہے، یہ موجودہ باڈی کی بڑی کامیابی ہے۔

نائب صدر انجینئر جاوید احمد شیخ نے کہا کہ قدیم زمانے میں گلی کوچوں میں سٹیج ڈرامے ہوتے تھے۔اس وقت بھی لاڑکانہ میں آرٹس کونسل آف پاکستان پیغامات کے ساتھ ڈرامے سٹیج کر رہی ہے۔آرٹس کونسل آف پاکستان لاڑکانہ کے سیکرٹری محمد حنیف سہاگ نے کہا کہ ہم بہتر پروگرام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس بار ہم نے ان ڈائریکٹرز کو ڈرامے دینے کی کوشش کی جنہیں پوری باڈی نے نظر انداز کر دیا۔عبدالنبی سریو نے کہا کہ اس سے قبل سندھ تھیٹر فیسٹیول 2024 ء کے حوالے سے ریاض مہیسر کی ہدایت کاری میں سکندر عباسی کا تحریر کردہ سندھی امپرووائزیشن سٹیج ڈرامہ "سنو کیس" پیش کیا گیا،جس میں اداکار امجد گل سومرو، شمس پریمی، عالیہ چنا، فقیر اعجاز چانڈیو، سانوری نے شرکت کی۔