بانی چیئرمین کی ہدایت پر عام ،ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی چوری ،دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں نکالی گئیں، حماد اظہر

وزیر اعلیٰ آئی جی کو لگام دیں،ان کے اوچھے ہتھکنڈے پی ٹی آئی کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،قائمقام صدر پی ٹی آئی

جمعہ 26 اپریل 2024 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے قائمقام صدر اور جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہاکہ بانی چیئرمین کی ہدایت پر پنجاب کے تمام ضلعی ، تحصیل ہیڈ کواٹرز پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران اور ٹکٹ ہولڈرز کے زیر اہتمام عام اور ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی چوری اور دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں، ریلیوں میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران ، ٹکٹ ہولڈرز ،مقامی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حماد اظہر نے کہا کہ بانی چیئرمین نے اپنی سیاسی جدوجہد سے عوام کو بیدار کر دیا ہے، قوم اب باشعور ہو چکی ہے اور وہ اب حق لینا جانتی ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں قومی و صوبائی ممبران اور ٹکٹ ہولڈرز کے ڈیروں اور دفاتر میں پنجاب کے چھاپوں ، کارکنوں کوہراساں اور گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ آئی جی کو لگام دیں،ان کے اوچھے ہتھکنڈے پی ٹی آئی کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور پوری قوم بانی چیئرمین کی قیادت میں متحد ہے، پی ٹی آئی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر پنجاب بھر میں جلسے کرنے جا رہی ہے ، جلسوں میں پنجاب کی عوام بھرپور شرکت کریں گے ، جلسوں کے ذریعے بانی چیئرمین کا پیغام بھی عوام تک پہنچایا جائے گا۔