امریکا کا یوکرین کے لیے اضافی پیٹریاٹ میزائلوں سمیت چھ ارب ڈالر کے نئےپیکج کا اعلان

ہفتہ 27 اپریل 2024 11:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) امریکا نے یوکرین کے لیے اضافی پیٹریاٹ میزائلوں سمیت چھ ارب ڈالر کے نئےپیکج کا اعلان کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا یوکرین کو اضافی پیٹریاٹ میزائلوں کی کھیپ فراہم کرے گا۔ تاکہ یوکرین روس کے خلاف اپنے فضائی دفاعی نظام کو بہتر بنا سکے۔

پیٹریاٹ میزائلوں کی یہ اضافی فراہمی یوکرین کے لیے امریکاکے 6 ارب ڈالر کے نئے امدادی پیکج کا حصہ ہے۔یوکرین کو فراہم کردہ پیٹریاٹ میزائلوں کی یہ کھیپ ایئر ڈیفنس سسٹم میں اضافہ ہوگا۔ پیٹریاٹ میزائل اس پیکج کا حصہ ہیں جو 'نیشنل ایڈوانسڈ سرفیس ٹو ایئر میزائل سسٹم' کے لیے فضائی دفائی لانچرز اور میزائلوں کو مربوط بنانے کے لیے شامل کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاانہیں خوشی ہو رہی ہے کہ وہ یوکرین کی فوجی معاونت کے پیکج کے طور پر 6 ارب ڈالر کا اعلان کر رہے ہیں ، یہ اب تک کا سب سے بڑا دفاعی امدادی پیکج ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ امدادی پیکج یوکرین کو اس بات کی بھی اجازت دے گا کہ وہ اپنی جنگی صلاحیت کو بہتر کرنے کے لیے امریکا کی اسلحہ ساز صنعتوں سے نیا اور جدید اسلحہ خرید سکے۔ لائیڈ آسٹن نےکہا کہ اس نظام کے تحت یوکرین اس صلاحیت میں بھی آجائے گا کہ وہ ڈرونز کا مقابلہ کر سکے۔

نیز توپ خانے کے لیے گولہ بارود، مرمت کے معاملات اور اسلحہ کی پائیداری کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے گا۔واضح رہے چند روز قبل امریکانے یوکرین اور اسرائیل کے لیے مجموعی طور پر 95 ارب ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔ یہ خطیر مالیت کے حامل پیٹریاٹ میزائل بھی اس نئے پیکج کا حصہ ہیں ۔